سی پیک کے تحت بلوچستان میں جاری منصوبوںپر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے چیئرمین سینیٹ
بلوچستان میں پانی کی فراہمی ، صحت ، وکیشنل ٹریننگ اور کھیلوں کے فروغ کے منصوبوں کی ترجیح بنیادوں پر تکمیل انتہائی اہم ہے
بلوچستان کے ساتھ دیگر پسماندہ علاقوں میں بھی عوامی فلاح کے منصوبے مکمل کرنے میں بھر پور تعاون کریں گے چینی سفیر
اسلام آباد( این ٹی ایس نیوز) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت بلوچستان میں جاری منصوبوںپر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ ترقی کے عمل کے ثمرات سے عوام جلد ازجلد مستفید ہو سکیں ۔صوبے میں پانی کی فراہمی ، صحت ، وکیشنل ٹریننگ اور کھیلوں کے فروغ کے منصوبوں کی ترجیح بنیادوں پر تکمیل انتہائی اہم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو چین کے سفیر یائو جنگ سے ملاقات کے دوران کیا ۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر نذیر بھی موجود تھے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات معاشی تعاون کی بدولت مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ سی پیک کے منصوبے نہ صرف صوبہ بلوچستان بلکہ پاکستان کے دیگر علاقوں کیلئے بھی انتہائی مفید ہونے کے ساتھ ساتھ چین کیلئے بھی مستقبل کی ترقی کی راہ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان میں صحت اور تعلیم کے متعلق سہولتیں فراہم کرنے سے وہاں کی عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صحت کے شعبے کی ضروریات کے پیش نظر بلو چستان میں بین الاقوامی معیار کا ہسپتال تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے اور صحت سے متعلق دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جائیں ۔ پانی کے فراہمی کے منصوبوں کی جلد تکمیل سے بلوچستان کی کثیر آبادی کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بدولت سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیدا ہو رہے ہیں خاص طور پر فیشریز کے شعبے میںسرمایہ کی وسیع گنجائش موجود ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ترقی کے اس عمل میں پاکستان کے دیگر پسماندہ علاقوں کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معیار تعلیم بہتر بنانے کیلئے طلباء میں وظائف کا سلسلہ شروع کیا جائے اور چین کی حکومت اس سلسلے میں بھر پور تعاون کرے ۔وظائف کیلئے طلباء کا انتخاب صوبائی حکومت خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کرے جس میں تمام اضلاع کے طلباء کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں ۔ چیئرمین سینیٹ کو بتایا گیا کہ بلوچستان میں چین کے تعاون سے کھیلوںکے انفراسٹرکچر کے فروغ کیلئے پہلا فٹ بال اسٹیڈیم کوئٹہ میں تعمیر کیا جائے گاجبکہ ملک کے دیگر پسماندہ علاقوں کیلئے بھی مختلف منصوبے ترتیب دیئے جارہے ہیں ۔ چین کے سفیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخ کی ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی شراکت داری دونوں ممالک کیلئے یکساں مفید ہوگی ۔ چین کی حکومت بلوچستان کے ساتھ ساتھ دیگر پسماندہ علاقوں میں بھی عوامی فلاح کے منصوبے مکمل کرنے میں بھر پور تعاون کرے گی ۔اس سے قبل چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کرغستان کے سفیر ایرک بیشیمف ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ معاشی تعاون ، دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں سب سے اہم عنصر جبکہ پارلیمانی تعلقات اس ضمن میں عمل انگیز کا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت اور پارلیمنٹ کی سطح پر پاکستان اور کرغستان کے بہترین تعلقات ہیں ۔ دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان اور کرغستان کی پارلیمنٹ میں دوستی گروپوں کو مزید فعال بنایا جا سکتاہے ۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور کرغستان نے بین الاقوامی فورمز کی سطح پر اہم بین الاقوامی امور کے حوالے سے یکساں موقف اختیار کیا ہے ۔ بالخصوص دونوں ملکوں کا ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سطح پر تعاون قابل ستائش ہے ۔ دونوں ملکوںکے مابین تجارتی تعاون اور سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت ہے ۔ تعلیم کے شعبے میں موجود مثالی تعاون کو مزید تقویت دی جا سکتی ہے ۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ترکمانستان کے سفیر جان نیورووچ ملامو سے ملاقات ہوئے کہا کہ دونوں ملکوںکے مابین موجودہ بہترین تعلقات کو معاشی تعاون اور پارلیمانی رابطہ کاری کے ذریعے مزید فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے پارلیمان کے مابین بہترین روابط کے ذریعے دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید استحکام دیا جا سکتا ہے ۔ ماضی قریب میں دونوں ملکوں کے مابین مواصلات کے شعبوں میں طے شدہ معاہدوں کو حقیقت کی شکل دے کر دوطرفہ تعلقات نہ صرف فروغ دیئے جا سکتے ہیں بلکہ اس سے عوا م کی سطح پر رابطوں اور ایک دوسرے کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بھی تقویت ملے گی ۔اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے مابین ٹپی پراجیکٹ کو مزید آگے بڑھانے کیلئے باہمی اتفاق پر مزید پیش رفت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان میں پاکستان ترکمانستان دوستی گروپ دو طرفہ پارلیمانی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور منتخب نمائندوں کو مختلف شعبوں میں موجود تعاون کو فروغ دینے کیلئے فعال کر دار ادا کرنا چاہیے ۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قازقستان کے سفیر بارلے سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں۔ سینیٹ میں قازقستان ، پاکستان دوستی گروپ موجود ہے، جس کے ذریعے دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مزید مربوط بنایا جا سکتا ہے ۔ پاکستان اور قازقستان کے مابین ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سطح پر بھی بہترین تعلقات ہیں اور دونوں ممالک نے اکثر بین الاقوامی اور علاقائی امور پر یکساں موقف اختیار کیا ہے ۔پاکستان اور قازقستان کے مابین دفاع اور دیگر شعبوں میں وسیع تعاون موجود ہے ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قازقستان کے صدر کے گزشتہ سال کے پاکستان کے دورے سے دوطرفہ تعاون میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔پارلیمانی تعلقات کے فروغ سے معاشی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون میں استحکام آئے گا۔
0 comments:
Post a Comment