ایف آئی آر میں نامعلوم بھارتی پائلٹس کو ملزم قرار دے دیا گیا، 19 چھوٹے بڑے درختوں کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی واضح ذکر کیا گیا
اسلام آباد(این ٹی ایس رپورٹ)بالاکوٹ میں بھارتی پے لوڈ گرانے کے خلاف محکمہ جنگلات نے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے جھوٹی ائیر اسٹرائیک کا دعوی کیا گیا اور کہا گیا کہ طیارے 21 منٹ تک پاکستان میں رہے اور 350 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ بھارتی طیاروں نے پاکستان کے جنگلات کا نقصان کیا اور ہماری شجر کاری مہم کو نقصان پہنچایا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بالاکوٹ پے لوڈ گرنے کی محکمہ جنگلات نے ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ابتدائی رپورٹ ایس ڈی ایف او مانسہرہ عارف خان کی مدعیت میں درج کی گئی۔ایف آئی آر میں نامعلوم بھارتی پائلٹس کو ملزم قرار دے دیا گیا ہے جب کہ رپورٹ میں 19 چھوٹے بڑے درختوں کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی واضح ذکر کیا گیا۔اس حوالے سے محکمہ جنگلات نے ایک رپورٹ تیار کی ہے جس میں بھارتی فضائیہ کے طیاروں سے پے لوڈ گرنے کے بعد ہونے والے نقصان کی تفصیلات بتائی گئیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پے لوڈ گرانے سے درختوں کو پہنچنے والا نقصان انیس کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ محکمہ جنگلات نے نقصان کی حتمی رپورٹ مکمل کرکے حکومت کو ارسال کر دی ہے۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ، ڈبلیو ڈبلیو ایف اور دیگر عالمی ماحولیاتی اداروں کے مبصرین آج جابہ کا دورہ کریں گے اور بھارتی بمباری سے جنگلات اور ماحول کو پہنچنے والے نقصان کی رپورٹ مرتب کریں گے۔محکمہ جنگلات ذرائع کے مطابق بالاکوٹ جابہ میں بھارتی پے لوڈ گرائے جانے سے چیڑ کے انیس قیمتی درختوں کو نقصان پہنچا جبکہ اطراف کے دیگر درخت جزوی متاثر ہوئے، بھارتی پے لوڈ سے محکمہ جنگلات کو انیس کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔
0 comments:
Post a Comment