وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد کا سیمینار سے خطاب ~ The NTS News
The NTS News
hadith (صلی اللہ علیہ وسلم) Software Dastarkhān. دسترخوان. الفاظ کا جادو Stay Connected

Saturday, March 16, 2019

وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد کا سیمینار سے خطاب

چین کے ساتھ ایف ٹی اے کے معاملہ پر بات چیت جاری ہے، اس سلسلہ میں جلد سیکرٹری کامرس چین کا دورہ کریں گے، ڈی انڈسٹریلائزیشن کی روک تھام کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے، نئی ٹریڈ پالیسی پر بھی کام جاری ہے جس کا اعلان جلد کیا جائیگا، جلد ٹیرف پالیسی بھی کابینہ کی منظوری کیلئے پیش کی جائیگی

لاہور (این ٹی ایس رپورٹ) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سر ما یہ کا ری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ ایف ٹی اے کے معاملہ پر بات چیت جاری ہے ،کوشش ہے کہ اس پر ہماری پوزیشن بہتر ہو، اس سلسلہ میں جلد سیکرٹری کامرس چین کا دورہ کریں گے، ڈی انڈسٹریلائزیشن کی روک تھام کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے، نئی ٹریڈ پالیسی پر بھی کام جاری ہے جس کا اعلان جلد کیا جائیگا ،جلد ٹیرف پالیسی بھی کابینہ کی منظوری کیلئے پیش کی جائیگی‘ وہ ہفتہ کو وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے زیر اہتمام ’’امریکہ‘ چین ‘ انڈونیشیا میں تجارت کے مواقع‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری کامرس محمد یونس ڈھاگہ سمیت جاوید اکبر بھٹی‘ ڈی جی، ٹی ڈی اے پی ریاض احمد بھی موجود تھے۔ عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پاک چین فری ٹریڈ ایگریمنٹ پروزارت تجارت کام کر رہی ہے،اس سلسلہ میں چیمبر آف کامرس‘ ٹریڈ ایسوسی ایشنز سمیت دیگر اداروں سے تجاویز لی جا رہی ہیں‘ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے کیونکہ برآمدات میں اضافہ سے ہی معیشت میں بہتری ممکن ہے‘ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل اور معیشت میں بہتری لانے کیلئے تجاویز مرتب کرنے کی غرض سے تمام کاروباری برادری کو مشاورت کیلئے بلایا گیا ہے تاکہ بزنس کمیونٹی سے حتمی تجاویز لی جائیں‘ کل پیر کو کراچی میں سیمینار منعقد ہوگا اور وہاں کے چیمبر آف کامرس اور تاجروں و صنعتکاروں سے بھی تجاویز لیں گے‘ انہوں نے کاروباری برادری سے کہا کہ وہ ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے ہر ممکن کوششیں کریں تاکہ درآمدات میں کمی لائی جا سکے‘انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری برادری ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے اور اپنے کاروبار کی وسعت کیلئے مصنوعات بین الاقوامی نئی مارکیٹس میں متعارف کرانے کیلئے جدوجہد کریں‘ انہوں نے کہا کہ لانگ ٹرم پالیسیوں سے ہی بہتر نتائج مل سکتے ہیں‘ ملک میں سپیشل اکنامک زون بنائے جارہے ہیں‘ رشکئی میں سپیشل اکنامک زون زیر تعمیر ہے اس میں گیس‘ بجلی‘ پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں‘انہوں نے کہا کہ بن قاسم زون میں چار فیکٹریاں زیر تعمیر ہیں‘ وہاں سہولیات کیلئے کام کر رہے ہیں‘انہوں نے کاروباری برادری کو درپیش تمام مسائل کے حل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی، قبل ازیں سیکرٹری کامرس محمد یونس ڈھاگہ نے امریکہ‘ چین‘ انڈونیشیا میں تجارت کے مواقعوں اور وہاں پاکستانی مصنوعات کی ایکسپورٹس کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں سوال و جواب کا سیشن منعقد کیا گیا جس میں تمام بزنس ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے درپیش مسائل اور اپنی بہترین تجاویز سے آگاہ کیا‘سیمینار کے شرکاء نے کہا کہ ملک میں برآمدات کے فروغ اور کاروبار کے مواقعوں کے حوالے سے منعقدہ سیمینار حکومت کی جانب سے اچھی کاوش ہے‘ سیمینار میں مختلف چیمبر آف کامرس کے صدور‘ فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشنز‘ سرجیکل ایسوسی ایشن‘ کاٹن پاورلومز ایسوسی ایشن‘ ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن‘ شوگر ایکسپورٹ ایسوسی ایشن‘ ایس ایم ای سیکٹرز سمیت تمام کاروباری تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔

0 comments: