ڈاکٹری نسخے کے بغیر عوام کو اینٹی بائیوٹک دوائیں نہ دی جائیں،وزارت صحت کا مراسلہ ~ The NTS News
The NTS News
hadith (صلی اللہ علیہ وسلم) Software Dastarkhān. دسترخوان. الفاظ کا جادو Stay Connected

Saturday, April 27, 2019

ڈاکٹری نسخے کے بغیر عوام کو اینٹی بائیوٹک دوائیں نہ دی جائیں،وزارت صحت کا مراسلہ

اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی بائیوٹک کا استعمال عوام کے لیے خطرہ اور بہت بڑا چیلنج ہے… غیر ضروری اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی بائیوٹک ادویات کے استعمال کی روک تھام ضروری ہے
 وزرات صحت نے تمام سرکاری اور نجی ہسپتا لوں ،بنیادی مراکز صحت اور میڈیکل اسٹورز کو مراسلہ بھیج دیا

اسلام آباد (این ٹی ایس رپورٹ) وزارت قومی صحت نے ڈاکٹری نسخے کے بغیر عوام کو اینٹی بائیوٹک دوائیں نہ دینے کی ہدایت کر دی ۔وزارت صحت نے اینٹی بائیوٹک اور اینٹی بیکٹیریل دوائیوں سے متعلق قانون پر عملدرآمد کے لیے میڈیکل سٹورز کو مراسلہ جاری کردیاہے۔مراسلے کے مطابق اینٹی بائیوٹک اور اینٹی بیکٹیریل ادویات کی فراہمی ڈاکٹری تجویز سے مشروط کردی گئیں ۔وزارت قومی صحت نے میڈیکل سٹورز سے کہا کہ کہ وہ ڈاکٹر کے تجویز کردہ نسخے کے بغیر اینٹی بائیوٹک اور اینٹی بیکٹیریل ادویات کسی کو نہ دیں ۔مراسلے میں کہا گیا کہ قانون کے تحت اینٹی بائیوٹک اور اینٹی بیکٹیریل ادویات ڈاکٹری نسخے پر دی جانی چاہئیں۔اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی بائیوٹک کا استعمال عوام کے لیے خطرہ اور بہت بڑا چیلنج ہے، ڈاکٹری نسخے کے بغیر میڈیکل سٹورز عوام کو یہ دوائیں دیتے ہیں۔ مراسلے میں کہا گیا کہ غیر ضروری اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی بائیوٹک ادویات کے استعمال کی روک تھام ضروری ہے۔ وزرات صحت نے تمام سرکاری اور نجی ہسپتا لوں کو بھی مراسلہ بھیج دیا۔بنیادی مراکز صحت،پی ایم ڈی سی،ڈریپ کے تمام محکموں کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔ مراسلے میں اینٹی بائیوٹک اور اینٹی بیکٹیریل کے استعمال کا ریکارڈ بھی تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ۔یاد رہے گذشتہ برس مارچ میں سامنے آنے والی امریکہ میں کی گئی ایک تحقیق میں کہا گیا تھا کہ گذشتہ 15 برسوں کے دوران پاکستان میں اینٹی بائیوٹکس کے استعمال میں 65 فیصد اضافہ ہوا ۔امریکی تحقیقی جنرل پروسیڈنگ آف نیشنل اکیڈمی آف سائنسز(پی این اے ایس)کی رپورٹ کے مطابق ایشیائی ملک بھارت میں ایسی دوائوں کے استعمال میں دگنا اضافہ ہوا جب کہ چین میں 79 اور پاکستان میں 65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔تحقیق کے لیے 76 ممالک سے اعداوشمار جمع کیے گئے۔ نتائج میں بتایا گیا کہ 2000 سے 2015 کے دوران اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال بڑھا، ترقی یافتہ یا مالدار ملکوں کے مقابلے میں غریب اور ترقی پذیر ممالک نے ان کا زیادہ استعمال کیا۔تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی امریکی ریاست بالٹی مور کی جان ہوپکنز یونیورسٹی اور دی سینٹر فار ڈیزیز ڈائنامکس، اکنامکس اینڈ پالیسی کے سائنسدانوں نے کی۔سائنسدانوں نے کہا کہ تمام متاثرہ ممالک کو اینٹی بائیوٹکس کے متبادل علاج، صاف ستھرے ماحول اور ویکسین کے لیے تحقیق کرنے کی ضرورت ہے۔ایک ریسرچ کے مطابق اینٹی بائیوٹک کا غیر ضروری استعمال خاص طور پر خواتین کے لیے ہارٹ اٹیک اور فالج کا سبب بن سکتاہے ۔

0 comments: