سندھ حکومت کے خلاف بے بنیاد مہم کی مذمت کرتے ہیں، ایس ایم منیر ~ The NTS News
The NTS News
hadith (صلی اللہ علیہ وسلم) Software Dastarkhān. دسترخوان. الفاظ کا جادو Stay Connected

Wednesday, April 22, 2020

سندھ حکومت کے خلاف بے بنیاد مہم کی مذمت کرتے ہیں، ایس ایم منیر

 وزیر اعلیٰ اورمرتضی وہاب کے فعال کردار پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں، شیخ عمر ریحان 

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر شیخ عمر ریحان، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت اور نائب صدر سید واجد حسین نے حکومت سندھ کے خلاف صنعتیں کھلوانے کے لیے رشوت طلب کرنے جیسی گمراہ کُن افواہوں پر مبنی سوشل میڈیا پر جاری بے بنیاد اور گمراہ کُن مہم کی سخت مذمت کی ہے۔ ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کورونا وائرس سے مقابلے اور اس بحران معاشی سرگرمیوں سے متعلق لائق تحسین کردار ادا کیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب نے ہمیشہ صنعتوں کے تحفظات پر فوری اقدامات کیے ہیں۔ صدر کاٹی شیخ عمر ریحان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کی طرح پاکستان بھی اس وقت ایک انتہائی مشکل وقت سے گزر رہا ہے، ایسے حالات میں حکومت اور اس کے اداروں کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ پھیلانے والے عناصر ملک دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صنعت کاروں سے ہمیشہ تعاون کیا ہے اور کورونا وائرس کے بعد ہونے والے حالات میں ہمارے تحفظات اور تجاویز پر عمل درآمد بھی کیا ہے۔ صوبے میں کورونا وائرس وبا کی روک تھام اور معاشی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے جو مثالی کردار ادا کیا ہے اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صنعتوں کے ایس او پی یا بندش کے حوالے سے جب صنعت کاروں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے ترجمان حکومت سندھ مرتضی وہاب نے فوری رابطہ کرکے انھیں دور کروانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے صنعت کار برادری سے اپیل کی کہ سندھ حکومت کے خلاف جاری کسی منفی پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں، ہمیں جھوٹی اور گمراہ کُن اطلاعات پھیلانے والوں سے ہوشیار رہنا چاہیے اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کو حرکت میں آنا چاہیے۔ 

0 comments: